اسلام آباد؍ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) حزب اللہ رہنماء حسن نصراللہ کی شہادت پر فضل الرحمان نے مذمت کی ہے۔ فضل الرحمان نے کہا کہ حسن نصراللہ کی شہادت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ حسن نصر اللہ کا قتل اسرائیل کی بزدلانہ دہشت گردی ہے۔ حسن نصر اللہ کی پوری زندگی اسرائیل کے خلاف بھرپور جد و جہد سے عبارت ہے۔ حسن نصر اللہ کی شہادت سے اسرائیل کے خلاف جد و جہد کو مزید تقویت ملے گی۔ حسن نصراللہ کی شہادت سے صیہونیت کے بدنما چہرے میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حسن نصر اللہ کی شہادت پر حزب اللہ کے رہنما کی قربانیوں اور جد و جہد کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور جنت میں ان کے لیے اعلیٰ درجات کی دعا کی ہے۔ انہوں نے حسن نصراللہ کی صاحبزادی زینب اور دیگر رفقائے کار کی درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے اور شہداء کے لواحقین، اہل لبنان و فلسطین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسن نصراللہ نے ساری زندگی ناجائز اسرائیلی ریاست کے خلاف مزاحمت کی اور عظیم مقصد کی خاطر اپنی جان قربان کر دی۔ انشاء اللہ مزاحمت جاری رہے گی۔ اقوام متحدہ اجلاس کے دوران لبنان، غزہ پر حملوں سے ثابت ہو گیا اقوام متحدہ ناکارہ ادارہ ہے اور یہ عالمی طاقتوں کے مفادات کا تحفظ کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں اور افواج کو سوچنا ہو گا وہ اس وقت کہاں اور کس کے ساتھ کھڑے ہیں؟ جماعت اسلامی 7 اکتوبر سے اہل فلسطین و لبنان سے ہفتہ اظہار یکجہتی کے طور پر منائے گی اور اس دوران پورے ملک میں جلسے جلسوس اور کراچی اور اسلام آباد میں ملین مارچز کا انعقاد ہو گا۔
حسن نصراللہ کا قتل دہشت گردی، فضل الرحمن، عظیم مقصد کیلئے قربانی دی: حافظ نعیم
Sep 29, 2024