نیویارک(کے پی آئی )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کشمیر، فلسطین اور دہشت گردی کا مسئلہ عالمی فورم پر کھل کر اٹھانے پر وزیراعظم کی تعریف کی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی رہنمائوں کو دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان کے ساتھ افغانستان کے بڑھتے ہوئے مسائل سے آگاہ کیا ہے،انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے مختلف حصوں میں مقیم لاکھوں افغان مہاجرین کو بے مثال مدد فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ افغان باشندوں کو اپنے ملک واپس جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغان سرزمین پاکستانی علاقوں میں حملوں اور دہشت گردی پھیلانے کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت سے حساس مسائل ہیں جنہیں اقوام متحدہ کے فورم کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر پر اپنی قرارداد پر عملدرآمد کرے۔ ٹیکس کے کمزور نظام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پرچون فروشوں اور زرعی شعبے کو مناسب طریقے سے ٹیکس ادا کرنا چاہیے تاکہ ہم آئی ایم ایف پروگرام کو صحیح طریقے سے ختم کر سکیں۔عدالتی اصلاحات اور آئینی ترمیم سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ قانون سازی اور ترامیم کا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جلد انصاف کی فراہمی کے لیے قانونی اصلاحات ناگزیر ہیں۔