شہباز شریف نے فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ زبردست پیش کیا، بھارت کو جارحیت پر منہ توڑ پیغام دیا: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا  (Mr.Mitsuhiro Wada) نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین بہترین تعلقات کومزید وسعت دینے کے لیے پر عزم ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم بھی بڑھانے کے لئے دلچسپی رکھتے ہیں۔ تعلیم، صحت اور شہری سہولیات کی بہتری میں جاپان کا پنجاب حکومت سے تعاون لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم، صحت، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا بڑا پوٹینشل موجود ہے۔ صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول اور مراعات دے رہے ہیں۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی راشد نصر اللہ، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری اور دیگر موجود تھے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی سے خطاب کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اہل فلسطین کا مقدمہ شاندار طریقے سے پیش کیا۔ ہر پاکستانی کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی۔ کشمیریوں کا مقدمہ زور دار طریقے سے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اہل کشمیر اور فلسطین کے ساتھ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھارت کو جارحیت کا منہ توڑ پیغام دیکر جرات مندانہ اقدام کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیصل آباد میں دوران ڈکیتی واردات ڈاکوؤں کی اکیس سالہ لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی۔ 

ای پیپر دی نیشن