ربیع الاول کے آغاز سے دنیا بھر کی طرح فرانس میں بھی محافل میلاد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے-
پیرس کی معروف کاروباری شخصیت چوہدری سجاد حسین موہاڑی نے اپنے ریسٹورنٹ پر ایک خوبصورت محفل میلاد سجائی۔ اس محفل میلاد میں پاکستان سے آئے ہوئے معروف نعت خوان حضرات نے ثناء خوانی کرکے محفل کو رونق بخشی ، نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری ادارہ منہاج القرآن قاری طاہر عباس گورائیہ نے سرانجام دئیے، محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت خواں حضرات حافظ محمد معظم ، ثناء خواں محمد شہباز سمیع پولیس والا اور محمد علی جرال نے اپنے خوبصورت انداز میں حمد شریف ، نعتیہ کلام اور میاں محمد بخش کا کلام سنا کر سامعین سے خوب داد سمیٹی، محفل میلاد میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور ثناء خوانوں کو خوب داد بھی دی،
ڈائریکٹر ادارہ منہاج القرآن فرانس علامہ حسن میر قادری نے آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کی شان اقدس میں مختصر بیان کیا، سید عرفان بخاری نے آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کی شان اقدس میں مختصر بیان کیا۔
محفل کے اختتام پر علامہ حافظ اقبال اعظم نے میزبان چوہدری سجاد حسین موہاڑی کے والدین کی مغفرت کے لئے خصوصی دْعا کرائی ،
چوہدری سجاد حسین اینڈ برادران نے محفل میلاد میں شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی تواضع لذیذ کھانوں سے کی.