حسن نصراللہ کی شہادت سے خطے میں عدم استحکام مزید بڑھے گا، پاکستان

 پاکستان نے لبنان میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی شہادت پر ردعمل جاری  کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی مہم جوئی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی مہم جوئی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری  کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل کو قتل کرنے سے خطے کے عدم استحکام میں اضافہ ہوگا، مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی اسرائیلی مہم جوئی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری آبادیوں پر اس قسم کی حملے بین الاقوامی قوانین کی پامالی ہے، یہ حملے اور عالمی قوانین کی پامالیاں تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہیں، اسرائیلی افواج کئی روز سے لبنان کی خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی افواج شہری آبادیوں کو مسلسل نشانہ بنانے میں مصروف عمل ہیں، اسرائیلی افواج سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچا رہی ہیں، حملوں سے متاثرہ افراد، ان کے خاندان اور لبنان کے عوام سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان لبنان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کیلئے  کھڑا ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیتے ہیں کہ وہ اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے باز رکھے، سلامتی کونسل مشرق وسطیٰ میں امن بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔  

ای پیپر دی نیشن