اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنجگور میں مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے رپورٹ طلب کر لی۔وزیراعظم نے پنجگور میں مزدوروں کو قتل کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کی اور مقتولین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مقتولین کی بلندی درجات کی دعا کی۔شہباز شریف نے زخمی مزدور کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی اور زخمی مزدور کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ معصوم اور بےگناہ مزدور پنجگور میں گھر کی تعمیر پر مزدوری کررہے تھے. محنت کشوں پر حملوں کے بہیمانہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ سر زمین پاک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 7 مزدوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام مزدوروں کا تعلق ملتان سے تھا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاشوں کو تحویل میں لے کر مقامی اسپتال منتقل کردیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق معصوم اور بےگناہ مزدور خدابدن کے علاقے میں گھر کی تعمیر پر مزدوری کررہے تھے.کالعدم بی ایل اے کے دہشت گرد ناکامیوں سے پریشان، انسانیت بھول چکے ہیں۔پولیس کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین ہے اور نہ مذہب جو مزدوروں کو بربریت کا نشانہ بناتے ہیں. ریاست، فورسز بیرونی فنڈنگ پر پلنے والے ملک دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنائیں گی۔