عبدالرزاق تہیم نے یہ بات کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ بلدیات اوردیہی ترقی کے وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے بلدیاتی سیٹ اپ کے لئے چاروں صوبوں میں مشاورت جاری ہے اور اتفاق رائے ہونے تک انتخابات نہیں کرائے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبوں کو اپنے حالات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کا اختیار ہے تاہم فرد واحد کا بنایا ہوا قانون قبول نہیں کیا جائے گا۔ اس سے پہلے مصالحتی انجمنوں کی تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق تہیم کا کہنا تھا کہ معاشرے میں مصالحتی انجمنوں کے کردارمیں اضافہ ہورہا ہے۔ یہ انجمنیں علاقائی سطح پر پیدا ہونے والے تنازعات طے کرنے میں کافی مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔ وفاقی وزیرنے ورکشاپ کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔