لاہور (اویس قریشی سے) ملک کے مختلف شہروں میں بم دھماکوں کے حالیہ واقعات اور مختلف خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹس کی روشنی میں صوبائی دارالحکومت میں ممکنہ دہشت گردی سے بچا¶ کے لئے لاہور پولیس نے حساس مقامات پر پولیس کمانڈوز تعینات کرنے اور رینجرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ لاہور کے 10 سے زائد داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری گذشتہ روز تعینات کر دی گئی جبکہ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ لاہور جیسے شہر میں داخلی راستوں پر متعدد کلوز سرکٹ کیمرے ناکارہ ہو چکے اور صرف دکھاوے کے لئے نصب کئے گئے ہیں اور پاس ہی ان کے لکھا ہوا ہے کہ ”کیمرے کی آنکھ آپ کو دیکھ رہی ہے“ گذشتہ روز لاہور میں دہشت گردی کے کسی بھی ممکنہ واقعہ کی اطلاع کے باعث سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ پولیس حکام نے شہر میں ہونے والے جلسے، ریلیوں کے لئے ازسرنو سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے اور اہم سیاسی شخصیات کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔