بھارتی ٹی وی شو کا خوفناک انجام، ایک شخص نے خود کو آگ لگا کر مقامی سیاستدان کو گلے لگا لیا

Apr 30, 2014

لکھنؤ (اے ایف پی) بھارتی شہر لکھنؤ میں ایک ٹی وی شو انتہائی خوفناک انداز میں ختم ہوا جب ٹی وی مباحثے کے دوران ایک شہری نے خود کو آگ لگا کر ایک مقامی سیاستدان کو گلے لگا لیا۔ دونوں کی حالت تشویشناک ہے۔ سرکاری ٹی وی چینل دور درشن پر لکھنؤ سے 160 کلومیٹر دور علاقے سلطان پور کے ایک پارک میں سیاسی مباحثے کے پروگرام کی پری ریکارڈنگ تیاری جاری تھی کہ مباحثہ دیکھنے والے 150 افراد میں سے نکل کر ایک شخص درگیش کمار سنگھ نے پٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگا لی اور بہوجن سماج وادی پارٹی کے مقامی رہنما قمر الزمان فوجی کو پکڑ لیا۔ سنگھ کا جسم 95 فیصد جل گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے اسکی موت کے خدشے کا اظہار کیا ہے جبکہ 75 فیصد جسم جلنے کے بعد قمر الزمان فوجی کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ مقامی فوٹو گرافر پنکج کمار گپتا نے بتایا کہ یہ شخص اچانک سٹیج پر آیا، خود پر پٹرول ڈالا، مہمان سیاسی رہنما کو مضبوطی سے تھام لیا۔ موقع پر موجود لوگ یہ نظارہ دیکھ کر حیران رہ گئے۔ اس شو میں دوسرے دو سیاسی رہنما رام کمار سنگھ اور چودھری ہریدے رام ورما بھی شریک تھے جو معمولی جلے۔ دوردرشن کے لکھنؤ میں ہیڈکوارٹر کے ڈی جی موگھے نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ تھا۔ روڈ شو ڈائیلاگ پر مبنی اس پروگرام کا فارمیٹ دوسرے چینلز جیسا ہی تھا، اس شخص نے خود کو آگ کیوں لگائی اس کی تحقیقات جاری ہیں۔

مزیدخبریں