کمیٹی نے وزارت مذہبی امور کو 19حج گروپ آرگنائزرز کو کوٹہ جاری کرنے سے روک دیا

Apr 30, 2014

اسلام آباد (آئی این پی)  قومی اسمبلی کی سب کمیٹی برائے وزارت مذہبی امور نے وزارت کو 19حج گروپ آرگنائزرز کو حج کوٹہ جاری کرنے سے روک دیا‘ کمیٹی نے ان 19کمپنیوں کو جاری کئے گئے کوٹے بارے وزارت کو نئے سرے سے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی جبکہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں ان 19 حج کمپنیوں کے مالکان کو بھی وضاحت کے لئے  طلب کرلیا۔ سب کمیٹی کا اجلاس منگل کو یہاں  وزارت مذہبی امور میں منعقد ہوا جس کی صدارت کمیٹی کے کنوینئر عمران شاہ نے کی کمیٹی کے ارکان ملک  عبدالغفار ڈوگر‘ شگفتہ جمالی‘ صاحبزادہ فیض الحسن سمیت  قائمہ سیکرٹری مذہبی امور سکندر اسماعیل نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ سیکرٹری مذہبی امور نے کمیٹی  کے گزشتہ اجلاس میں 19 حج کمپنیوں کو کوٹہ الاٹ کرنے بارے کمیٹی  کے اعتراضات پر وزارت  کا موقف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 19 کمپنیوں کا انتخاب صاف شفاف انداز میں میرٹ پر کیا گیا  آزاد  آڈٹ فرم سے آڈٹ کرایا گیا اور آڈٹ فرموں نے ہی  وزارت کو  ہدایت جاری کی کہ ان  19حج کمپنیوں  کو رواں سال کا کوٹہ جاری نہ کیا جائے۔  کمیٹی کا آئندہ اجلاس 20 مئی کو طلب کرلیا گیا۔

مزیدخبریں