اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں لاپتہ فرد حبیب الرحمن و دیگر کے حوالے سے مقدمہ کی سماعت میں معاملہ لاپتہ افراد سے متعلق جوڈیشل کمیشن میں ہونے کے باعث کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔ کیس کی سماعت صرف تین منٹ جاری رہ سکی۔ آمنہ جنجوعہ کی جانب سے کیس کی سماعت جاری رکھنے کی استدعاکو عدالت نے مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ ایک بار جب عدالت کیس ملتوی کر دیتی ہے تو اسے دوبارہ سماعت نہیں کرسکتی، یہ عدالتی وقار کے خلاف ہے۔ دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو آمنہ مسعود جنجوعہ کمرہ عدالت میں موجود نہ تھیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حبیب الرحمن کے معاملے کی لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم جوڈیشل کمیشن میں 26ستمبر 2013ء کو سماعت ہوئی ہے آئندہ بھی کمیشن میں اسکی جلد سماعت ہو گی۔ اسی دورا ن آمنہ مسعود جنجوعہ کمراہ عدالت میں داخل ہوئیں اور راستے میں سیکورٹی چیکنگ کے باعث دیر سے آنے پر معذرت کرتے ہوئے کہا اب وہ آگئی ہیں عدالت اس کیس کی سماعت جاری رکھے۔ وہ پیر کے پرتشدد واقعے سے متعلق بھی عدالت میں کچھ کہنا چاہتی ہیں، ان کے ہمراہ کچھ زخمی افراد بھی تھے، اس پر عدالت نے قرار دیا کہ عدالت کیس کو ملتوی کر چکی ہے۔