گلگت (اے پی اے) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی نے افواج پاکستان اور تمام دفاعی اداروں سے اپنی مکمل اظہار یکجہتی کیلئے متفقہ قرارداد منظور کرلی‘ قرارداد میں سینئر صحافی حامد میر پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ گزشتہ روز گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے سپیکر وزیر بیگ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں رکن اسمبلی عبدالحمید خان نے قرارداد پیش کی جس کی ارکان اسمبلی ایوب شاہ اور مولانا سرور شاہ نے تائید کی بعدازاں ایوان نے متفقہ طور پر اسے منظور کرلیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کا یہ مقتدر ایوان اس بات پر مکمل یقین رکھتا ہے کہ مضبوط پاکستان کیلئے طاقتور فوج اور منظم دفاعی اداروں کی موجودگی انتہائی ضروری ہے۔ حالیہ دنوں میں افواج اور دفاعی اداروں کیخلاف شروع کیا جانیوالا بے بنیاد الزام تراشی کا سلسلہ وطن عزیز کو کمزور کرنے کی جو کوششں ہے جو قابل مذمت ہی نہیں شرمناک بھی ہے۔ یہ ایوان ان ملک دشمن حرکتوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے افواج پاکستان اور تمام دفاعی اداروں سے اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ گلگت بلتستان کے عوام اس کے تمام علاقہ جات کو وطن عزیز پاکستان کا اٹوٹ انگ سمجھتے ہیں اور اس کے دفاع میں ماضی کی طرح آئندہ بھی پیش پیش رہیں گے۔ قرار داد میں سینئر صحافی حامد میر پر قاتلانہ حملہ کی بھی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت ملزمان کی جلد گرفتاری کو یقینی بنا کر انہیں قرارواقعی سزا دلوائے۔
گلگت بلتستان اسمبلی میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے متفقہ قرارداد
Apr 30, 2014