لاہور: موجودہ دور حکومت میں ڈاکو راج رہا، 20 ارب کی نقدی، مال کا صفایا

لاہور (احسان شوکت سے) موجودہ حکومت کے دور اقتدار میں گزشتہ 11ماہ20 دنوں کے دوران شہر میں ڈاکو راج رہا۔ شہریوں سے ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کے دوران تقریباً 20 ارب روپے سے زائد مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ ڈاکوؤں نے اس عرصہ میں ڈکیتی مزاحمت پر 32 شہریوں کو قتل جبکہ 163شہریوں کو زخمی کر دیا جبکہ پولیس کی اس دوران کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔ تفصیلات کے مطابق موجودہ حکومت کے دور اقتدار کے گزشتہ 11ماہ20 دنوں کے دوران شہر میں ہونے والی ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی وارداتوں کا جائزہ لیں تو روزانہ ڈکیتی و راہزانی کی 60سے 70وارداتیں معمول بن چکیں۔ شہر میں سیکورٹی ہائی الرٹ اور جگہ جگہ پولیس ناکوں کے باوجود روزانہ 23 شہری اپنی کار، موٹر سائیکل یا دیگر وہیکلز سے محروم ہو جاتے ہیں۔ پولیس ڈکیتی کے مقدمات کے اندارج کی بجائے شہریوں کو ٹرخا دیتی ہے۔ پولیس کی کارکردگی دیکھی جائے تو پولیس ترجمان کے مطابق اس عرصہ کے دوران لاہور پولیس نے 486 گینگز کے 1346 ممبران کو گرفتار کیا جن کے خلاف مختلف نوعیت کے 1396 مقدمات ٹریس ہوئے۔ ان گینگز سے تقریباً 6 کروڑ 14لاکھ روپے سے زائد کی برآمدگی کی گئی ہے جبکہ پولیس نے گزشتہ 11ماہ میں مجموعی طور پر 7546 اشتہاری اور 6731 عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا۔

ای پیپر دی نیشن