لاہور زو سفاری پارک، نئے جانور، پرندوں کی خریداری کیلئے 8 کروڑ روپے کی منظوری

Apr 30, 2014

لاہور (چودھری اشرف) حکومت پنجاب نے محکمہ تحفظ جنگلی حیات کے ساتھ ملکر لاہور زو سفاری پارک میں لوگوں کی دلچسپی بڑھانے اور نئے جانور پرندے خریدنے کیلئے 8 کروڑ روپے  کی منظوری دیتے ہوئے نصف سے زائد رقم جاری کردی۔ ذرائع کے مطابق لاہور زو سفاری پارک کی ترقی کیلئے بنائی جانے والی کمیٹی کا گذشتہ روز اجلاس منعقد ہوا جس میں لال سوہانرا پارک سے 200 سے زائد ہرن لا کر لاہور زو سفاری میں چھوڑنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اسکے علاوہ برائون ٹائیگرز کی جوڑی بہاولپور سے منتقل کی جائیگی۔ پارک میں صفائی سمیت مختلف کاموں کیلئے نئے ٹھیکے دیئے جا رہے ہیں۔ گذشتہ روز لاہور زو سفاری کی بنائی جانیوالی امپروومنٹ کمیٹی نے پارک میں درجنوں فاختائیں اور کبوتر چھوڑے۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ حمزہ شہباز شریف کی ہدایت پر لاہور زو سفاری کیلئے بڑی تعداد میں جانور اور پرندے خریدنے کے علاوہ لوگوں کے بیٹھنے اور انہیں جدید سہولیات مہیا کرنے کیلئے نئے منصوبے تیزی سے شروع کر دیئے گئے ہیں جس کا ایک مقصد لاہور چڑیا گھر سے لوگوں کی توجہ لاہور زو سفاری منتقل کرنے کی کوشش ہے۔

مزیدخبریں