لندن(آن لائن)انسانی حقوق کی بین الاقوامی ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحافیوں کو تمام اطراف سے قتل،دہشت اور دیگر قسم کے تشدد کا مستقل خطرہ رہتا ہے اور اس میں انٹیلی جنس ادارے سیاسی جماعتیں اور طالبان جیسے مسلح گروپ سب شامل ہیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے’’پاکستان میں صحافیوں پر حملے،تمہارے لئے ایک گولی چن لی گئی ہے‘‘کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی حکام میڈیا ورکروں کیخلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ختم کرنے اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں ناکام رہے ہیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے 2008ء میں جمہوری دور کی بحالی کے بعد سے 35قتل کے مقدمات کا جائزہ لیا لیکن ایک کے سوا کسی میں بھی مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان صحافیوں کے علاوہ بہت سے صحافیوں کو اس عرصے میں دھمکیاں دی گئیں،ہراساں کیا گیا،اغواء کرکے تشدد کا نشانہ بنایا یا ان پر قاتلانہ حملے کئے گئے۔