کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات، سب سے زیادہ ووٹ مری گلیات، کم کلفٹن میں ڈالے گئے

لاہور (خبرنگار) 25 اپریل کو 42 کنٹونمنٹ بورڈز کی 199 وارڈز پر ہونیوالے انتخابات کے نتائج کا نوٹیفکیشن الیکشن کمشن نے جاری کردیا ہے۔ الیکشن میں 18 لاکھ 72 ہزار 740 ووٹروں میں سے 6 لاکھ 10 ہزار 816 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ 10 لاکھ 10 ہزار 246 مرد ووٹروں میں سے 3 لاکھ 66 ہزار 101 اور 8 لاکھ 62 ہزار 494 خواتین ووٹروں میں سے 2 لاکھ 44 ہزار 715 ووٹروں نے اپنا ووٹ کا حق استعمال کیا۔ اسی طرح 33 فیصد ووٹروں نے ووٹ ڈالے۔ سب سے زیادہ 94.11 فیصد ووٹ مری گلیات کے وارڈ ایک میں ڈالے گئے اسی وارڈ میں ووٹروں کی تعداد 17 تھی جن میں سے ایک ووٹر کا انتقال ہو گیا۔ باقیماندہ 16 ووٹروں میں سے 9 مردوں اور 7 خواتین نے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ سب سے کم ووٹ کلفٹن (کراچی) کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ 9 میں صرف 6.63 فیصد ڈالے گئے اس وارڈ میں کل ووٹر 42 ہزار 693 تھے جن میں سے 3667 نے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ کلفٹن کنٹونمنٹ کے وارڈ 10 میں بھی صرف 12.97 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ فیصل کنٹونمنٹ (کراچی) کے وارڈ نمبر 9 میں صرف 5 فیصد، وارڈ 5 میں 9 فیصد، وارڈ7 میں 10 فیصد وارڈ 6 میں 11 فیصد، وارڈ 4 میں صرف 13 فیصد، وارڈ 8 میں 14 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ لاہور کینٹ کے وارڈ 6 میں 13.60 فیصد، وارڈ 5 میں 18 فیصد ووٹ ڈالے گئے جبکہ باقی 8 وارڈوں میں 34 فیصد سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے۔ سب سے زیادہ ووٹ وارڈ 9 میں 46.50 اور وارڈ 10 میں 45.40 فیصد ڈالے گئے۔ والٹن کنٹونمنٹ لاہور میں 10 میں سے صرف تین وارڈوں میں 30 فیصد سے زائد ووٹ ڈالے گئے۔ ملتان میں ووٹ ڈالنے کی شرح بہتر رہی۔ وارڈ 4 میں 74.30، وارڈ 6 میں 69.75 وارڈ 7 میں 59.42، وارڈ ایک میں 64.13، وارڈ 6 میں 69.75 ووٹ ڈالے گئے۔ بہاولپور کے وارڈ 3 میں 65.58 فیصد، گوجرانوالہ میں وارڈ 5 میں 60 اور وارڈ 2 میں 65 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ مری کے وارڈ نمبر ایک میں 63.60 ، پشاور میں زیادہ سے زیادہ ووٹ وارڈ ایک میں 38.34 اور کم از کم وارڈ 2 میں 22.59 فیصد ڈالے گئے۔ نوشہرہ میں وارڈ 3 میں 49.93 اور رسالپور میں وارڈ 2 میں 16.11 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔

ای پیپر دی نیشن