پشاور میں طوفان: حمزہ شہباز نے امدادی سامان کے 20 ٹرک روانہ کر دئیے

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر امدادی سامان کے 20 ٹرک پشاور اور گردونواح میں طوفانی بارشوں کے متاثرہ افراد کے لئے روانہ کئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے مشکل کی اس گھڑی میں اپنے پختون بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ دھرنے والوں کے پاس اتنا وقت بھی نہیں تھا کہ وہ سیلاب میں گھرے 2 کروڑ عوام کی طرف بھی توجہ دیتے۔ مخص باتیں کرنے سے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوتے۔ دھرنے والوں نے سات قیمتی ماہ کیوں ضائع کئے۔ جب جوڈیشل کمشن کی طرف سے ان لوگوں کو دھاندلی کے ثبوت لانے کے لئے کہا جاتا ہے تو یہ بات کو گول مول کر جاتے ہیں۔ قوم ان کی ہر غلط بیانی کا احتساب کرے گی۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ لاہور ، راولپنڈی اور سیالکوٹ کے جن حلقوں کے بارے میں تحریک انصاف دھاندلی کا زیادہ شور مچاتی تھی وہاں کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) واضح اکثریت سے جیتی ہے۔ ان انتخابی نتائج سے سچ سامنے آ گیا ہے۔ حکومت کی پوری توجہ چین کی مدد سے توانائی کے پیداواری منصوبوں کی تکمیل پر مرکوز ہے۔ واضح رہے کہ دو کروڑ روپے کی مالیت کے 20 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان پی ڈی ایم اے پنجاب کے اعلی حکام وزیر داخلہ پنجاب کی سربراہی میں خیبر پی کے حکومت کے حوالے کریں گے۔ یہ امدادی سامان ٹینٹ، مچھردانیوں، چٹائیوں اور چاول کے تھیلوں سمیت آٹے، چینی، گھی، دالوں اور چائے و خشک دودھ کے فوڈ ہیمپرز پر مشتمل ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...