لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا جائزہ لینے کے حوالے سے بنائے گئے جوڈیشل کمشن کے قیام کے خلاف دائر درخواست میں تحریک انصاف کو فریق بننے کی اجازت دے دی۔ لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی سماعت کے دوران عدالت کے روبرو تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ جوڈیشل کمشن کا قیام عمل میں آنے کے بعد اسکی تشکیل کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے مگر درخواست گزار نے جان بوجھ کر اس میں تحریک انصاف کو فریق نہیں بنایا۔ تحریک انصاف مبینہ دھاندلی کے حوالے سے قائم کمشن میں اصل فریق ہے مگر جوڈیشل کمشن کی تشکیل کے خلاف دائر درخواست میں فریق نہ بنایا جانا انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تحریک انصاف کو کیس میں فریق بننے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت7 مئی تک ملتوی کر دی۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ حکومت نے آئین کے تحت جوڈیشل کمشن تشکیل دیا۔ جس کی سربراہی چیف جسٹس کر رہے ہیں۔ یہ کمشن دھاندلی الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے لہٰذا درخواستیں خارج کی جائیں۔
فریق بننے کی اجازت