اسلام آباد (آئی این پی) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ کل بھوشن تک فوری قونصلر رسائی ممکن نہیں، فیصلہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہو گا، حالیہ دورہ بھارت میں ’’را‘‘ کی سرگرمیوں کے معاملے پر کھل کر بات کی، بھارت پر واضح کر دیا کہ ’’را‘‘ کی سرگرمیاں امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں سیکرٹری خارجہ نے مزید کہا کہ قونصلر رسائی کی بھارتی درخواست پر فیصلہ میرٹ آف دی کیس پر ہو گا۔ اعزاز چودھری نے مزید بتایا کہ پاکستان بھارت مذاکرات کی بحالی پر مودی سرکار کا مؤقف مبہم ہے۔ بھارت نے مذاکرات کی افادیت سے انکار نہیں کیا مگر بھارتی سیکرٹری خارجہ کے پاس جواب نہیں تھا کہ مذاکرات کے سلسلے کو کس طرح آگے بڑھایا جائے۔ سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا بھارت جب چاہے گا پاکستان کو مذاکرات کیلئے تیار پائے گا۔