راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) گلگت بلتستان کے علاقہ نانگا پربت بیس کیمپ پر تین سال قبل دہشت گردی کے واقعہ میں گرفتار تین دہشت گردوں کو انتہائی سخت سکیورٹی میں گزشتہ روز بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچایا گیا جہاں سے انہیں تفتیش کیلئے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں منتقل کر دیا گیا۔ ملزمان نے 2013ء میں گلگت سکائوٹس کی یونیفارم میں ملبوس رات کی تاریکی میں چیلاس کے قریب نانگا پربت بیس کیمپ میں حملہ کیا جس میں روس، امریکہ، یوکرائن اور چینی سیاحوں کے علاوہ ایک پاکستانی شہری مارا گیا تھا۔ بعدازاں سکیورٹی اداروں نے کارروائی کر کے ان حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا تھا جنہیں پی آئی اے کی پرواز PK-606 کے ذریعہ اسلام آباد پہنچایا گیا جہاں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ دہشت گردوں کے چہروں کو کپڑے سے ڈھانپا گیا تھا۔ گرفتار دہشت گردوں میں عرفان اللہ، قریب اللہ اور حبیب الرحمن کو پنجاب پولیس اور کمانڈوز کے حوالہ کیا گیا جو ملزمان کو بکتربند گاڑی میں اڈیالہ جیل لے گئے۔ اس دوران اڈیالہ جیل کے راستوں کی بھی سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی تھی۔
نانگا پربت حملے میں گرفتار3 دہشت گرد تفتیش کے لئے اڈیالہ جیل منتقل
Apr 30, 2016