غربت، جھگڑے، چنیوٹ، دینہ، گوجرانوالہ میں مطلقہ خاتون اور 2 نوجوانوں کی خودکشی

Apr 30, 2016

چنیوٹ+ دینہ+ گوجرانوالہ (نامہ نگاران+نمائندہ خصوصی)غربت، گھریلو جھگڑے، چنیوٹ، دینہ، گوجرانوالہ میں مطلقہ خاتون اور 2 نوجوانوں نے خود کشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز دینہ کے نواحی علاقہ چک دریہ یو سی مغل آباد کی خاتون زبیدہ نورین ولد غلام علی جو 40 سالہ 3 بچوں کی ماں تھی کی شادی تحصیل کھاریاں کے رہائشی عدنان سے ہوئی تھی اور 2009ء میں طلاق ہو گئی اور بچوں کے خرچہ نان و نفقہ کا کیس جہلم عدالت میں چل رہا تھا‘ حالات زندگی سے دلبرداشتہ ہو کر گھر میں بالائی منزل پر جاکر فائر کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔علاوہ ازیں چنیوٹ میں جھنگ روڈ سبزی منڈی کے قریب محلہ چاہ جہانگیری والا کے بائیس سالہ نوجوان احمد ولد ریاض جو بے روزگاری اور غربت کی وجہ سے پریشان تھا زہریلی گولیاں کھا لیں فیصل آباد الائیڈ ہسپتال لایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں کامونکی کے ارسلان کا کسی بات پر اپنے گھر والوں سے جھگڑا ہوگیا جس پر اس نے زہریلی گولیاں نگل لیں ہسپتال میں جانبر نہ ہوسکا۔

مزیدخبریں