پشاور (این این آئی) خیبر پی کے اسمبلی کا اجلاس گذشتہ روز ہوا جس میں تحریک انصاف کے مقتول اقلیتی رکن اسمبلی سورن سنگھ کی نشست پر پھول رکھے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، ایم پی ایز نے سورن سنگھ کی یاد میں شمعیں بھی روشن کیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے سورن سنگھ کی بیوہ اور بچوں کی کفالت کا اعلان کیا۔ خیبر پی کے اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی نگہت اورکزئی سورن سنگھ کو یاد کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں۔ اجلاس سے خطاب میں انکا کہنا تھا کہ اسمبلی کا آج کا اداس ترین دن ہے۔ سورن سنگھ دو کمروں کے کرائے کے گھر میں رہتا تھا۔ انہوں نے سورن سنگھ کی بیوہ اور بچوں کی کفالت کے لیے مشترکہ قرارداد پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت سورن سنگھ کی بیوہ اور بچوں کی کفالت کا اعلان کرے۔ مشترکہ قرارداد کے بعد وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے سورن سنگھ کی بیوہ اور ان کے بچوں کی کفالت کا اعلان کیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سورن سنگھ کی بیوہ اور بچوں کو گھر دیا جائے گا اور بچوں کے اخرجات بھی پورے کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ سورن سنگھ کے قتل پر بہت دکھ اور افسوس ہوا، سورن سنگھ نے پوری اسمبلی کے ارکان کو دوست بنایا اور ایک دوست کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی، وزیراعلیٰ کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلدیو کمار کو کبھی ایم پی اے بننے نہیں دیں گے۔
خیبر پی کے اسمبلی: سورن سنگھ کی نشست پر پھول رکھے گئے‘ ایک منٹ کی خاموشی
Apr 30, 2016