ماسکو (آئی این پی) وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف نے روسی وزیر توانائی ایلکس نوویک سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک نے ایل این جی پائپ لائن کی تعمیر 2018ء تک مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔ جمعہ کو ترجمان وزارت پانی وبجلی کے مطابق وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف سے روسی ہم منصب ایلکس نوئویک نے ملاقات کی۔ اس موقع پر روس نے جام شورو،گدو اور داسو میں ایل این جی سے بجلی پیداوارکے منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تیل گیس اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ بعدازاں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے روسی وزیر دفاع سرگئی شوگیوو نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر روسی وزیردفاع نے انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستان کی صلاحیت بڑھانے میں تعاون کا یقین دلایا۔ دریں اثناء وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور ایرانی ہم منصب حسین دہقان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں سرحدی سلامتی سے متعلق امور اس شعبے میں مناسب فیصلوں کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ یہ دوطرفہ بات چیت ماسکو میں بین الاقوامی سلامتی کے بارے میں کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو کوشش کرنی چاہیے کہ وہ شرپسندوں کو اس بات کی اجازت نہ دیں کہ وہ دونوں ملکوں کے اندر اور ان کے سرحدی علاقوں میں سلامتی اور استحکام کیلئے خطرہ بنیں۔ ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیر جنرل حسین دہقان نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ دوست ملک ہونے کے ناطے علاقائی بحرانوں کے حل کیلئے انتہائی موثر اور تعمیری کردار ادا کر سکتا ہے۔