جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) عدالت میں پیشی کیلئے آئے ہوئے وکلاء کی عدالتی اہلکار و معزز جج کیساتھ مبینہ تلخ کلامی کرنے پر ریڈر کی دھلائی کر دی، سنگین نتائج کی دھمکیاں، ریڈرز کے احتجاج پر سٹی تھانہ پولیس میں وکلاء کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ذرائع کے مطابق مقامی وکیل رضوان خان نیازی اپنے ساتھی تنزیل کے ہمراہ کیس کی پیروی کیلئے جوڈیشنل مجسٹریٹ و سول جج نور عالم کی عدالت میں موجود تھے جہاں انہوں نے معزز جج کیساتھ سخت بدتمیزی کی اور تلخ جملوں کا تبادلہ کیا۔ عدالت ہی میں ریڈر دائود کریم نے انہیں ایسا کرنے پر منع کیا جس پر رضوان نیازی مشتعل ہو گئے اور دائود کریم کو تشدد کا نشانہ بنانے کیساتھ ساتھ گالم گلوچ اور سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیں۔ تمام ریڈرز نے احتجاج کرتے پولیس سے وکلاء کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا سٹی تھانہ پولیس نے ریڈر دائود کریم کی درخواست پر رضوان خان نیازی، تنزیل و دیگر چھ افراد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اظہر حسین بلوچ نے کہا معمولی واقعہ کو سیاسی بنا دیا گیا۔