خواجہ آصف کا بیان عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے،پاسبان

Apr 30, 2017

کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ ظالمانہ لوڈشیڈنگ سے متعلق پانی و بجلی کے وفاقی وزیر خواجہ آصف کا بیان عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے جس کی پاسبان شدید مذمت کرتی ہے۔پاسبان نے دو سال قبل کے الیکٹرک کی زائد بلنگ اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہربھر میں کیمپ لگا کر احتجاج کا آغاز کیا تھا۔ ٹوئٹر کے ذریعے وزارتیں چلانے والے وزراء عوام کی مشکلات اور دکھوں کا اندازہ نہیں لگاسکتے ۔کے الیکٹرک کراچی میں نصف شب کے بعد بھی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کررہی ہے۔پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں عبدالحاکم قائد نے کہا کہ بجلی کے بل وصول کرنا اور کنڈہ مافیا کی سرکوبی بجلی فروخت کرنے والی کمپنیوں اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کرپٹ حکومت کے چیلے وزراء ملک سے کرپشن کے خاتمے کے متحمل ہو ہی نہیں سکتے ہیںکیونکہ سپریم کورٹ میں ن لیگ کی جامہ تلاشی کا عمل جاری ہے۔نواز شریف بار بار عوامی جلسوں میں لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے اپنے وعدے کو دہرا رہے ہیںجبکہ پانی اور بجلی کے وزیر اپنے قائد کے برعکس بیانات جاری کررہے ہیں۔ خواجہ آصف جواب دیں کیا ان کے قائد عوام کو ایک مرتبہ پھر جھوٹے وعدوں سے بہلا رہے ہیں؟ن لیگ کی حکومت کے سربراہ اور وزراء کسی بھی قسم کی چوری روکنے میں اس لئے دلچسپی نہیں رکھتے تاکہ ان کی میگا کرپشن اور چوریوں پردہ پڑا رہے۔ عوام لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بلبلارہے ہیں اور نااہل وزراء اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے کی بجائے ان کے زخموں پر نمک پاشی میں مصروف ہیں۔

مزیدخبریں