تحریک انصاف کا حقوق کراچی ما رچ آج ہوگا عمران خان خطاب کریں گے

Apr 30, 2017

کراچی( خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان آج مزار قائد پر کراچی کے عوام سے اہم خطاب کریں گے۔ ان کے خطاب سے پہلے پی ٹی آئی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوںمیں خصوصی کیمپ لگائے گئے جہاں گزشتہ کئی روز سے پی ٹی آئی کے پارٹی نغمے اور عمران خان کی تقاریر کے حصے سنائے جاتے رہے۔ پی ٹی آئی کے رہنمائوں کے مطابق عمران خان کا آج مزار قائد پر خطاب انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا ۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنماو رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہاکہ ن لیگ اور پی پی کی مک مکے کی سیاست نے شہریوں سے ان کے بنیادی حقوق بھی چھین لئے ہیں ۔یہ باتیں انہوںنے شمع سینٹر شاہ فیصل کالونی میں لگائے گئے کیمپ پر کارکنان او رمیڈیا نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کراچی کے نائب صدر راجہ اظہر خان ، عابد جیلانی، فہیم خان، صائمہ ندیم، ڈاکٹر صنوبر کاشف بٹ اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ دریں اثنا پی ٹی آئی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری جنر ل عمران اسماعیل نے کہا کہ گزشتہ 30 سالوں سے کراچی کی نمائندہ جماعت ہونے کا دعویٰ کرنے والی متحدہ قومی موومنٹ نے متعدد بار حکومت کا حصہ رہنے کے باوجود کراچی کے شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے آواز نہیں اٹھائی۔ ایم کیو ایم نے ہمیشہ کراچی کے شہریوںکی محرومیوں کو سیاسی رنگ دے کر اپنی سیاست چمکائی ہے۔ یہ بات انہوں نے ضلع وسطی کے دورے کے موقع پردوکانداروں ، تاجروں سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ 

مزیدخبریں