مانگٹانوالہ/ ننکانہ صاحب (نامہ نگاران) ڈاکوئوں نے اسلحہ کی نوک پر جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب کے گھر سے سوا دو کروڑ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیوارت ودیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈسٹرکٹ بار ننکانہ صاحب کے وکلاء کی مذکورہ واقعہ کے خلاف مکمل ہڑتال اور عدالتوں کا بائیکاٹ، ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب کے جنرل سیکرٹری رائے قاسم مشتاق کھرل کے گھر گزشتہ رات 10بجے کے قریب 15سے 16 ڈاکو اندر گھس آئے۔ اہل خانہ کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا لیا، گھر سے دوران تلاشی سوا کروڑ روپے مالیت کے ڈائمنڈ سیٹ، 85 تولے طلائی زیورات اور 32لاکھ روپے کی نقدی لوٹ لی اور فرار ہوگئے۔ مزاحمت کرنے پر ڈاکوئوں نے اہل خانہ کو شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ ڈسٹرکٹ بار ننکانہ صاحب کی طرف سے ڈکیتی کی مذکورہ واردات کے خلاف ڈسٹرکٹ بار ننکانہ صاحب کے وکلاء نے مکمل ہڑتال کی، کوئی بھی وکیل کسی بھی عدالت میں پیش نہ ہوا جس کے باعث آنے والے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈسٹرکٹ بار ننکانہ صاحب کے صدر رائے محمد اکرم خان بھٹی، سابق صدور محمدا مین بھٹی، چوہدری محمد انور زاہد، رانا علی اصغر ودیگر رہنمائوں نے ڈکیتی کی مذکورہ واردات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی اور ڈی پی او ننکانہ سے مطالبہ کیا وہ مذکورہ ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کریں۔
مانگٹانوالہ: جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار کے گھر سوا 2 کروڑ کا ڈاکہ، اہلخانہ پر تشدد
Apr 30, 2017