سیالکوٹ (نامہ نگار) دریائے چناب کے پانی میں 4 ہزار 951 کیوسک کمی ہونے کے بعد ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 24 ہزار 600 کیوسک رہ گئی۔ سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت روزانہ دریائے چناب میں 55 ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا پابند ہے لیکن بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے چناب کا پانی بگلیہار ڈیم میں روک رکھا ہے جس کی وجہ سے دریائے چناب میں پانی کی آمد میں صرف ایک روز کے دوران 4 ہزار 951 کیوسک کمی ہوئی ہے ۔گزشتہ روز پانی کی آمد 29 ہزار 562 کیوسک سے کم ہو کر 24 ہزار 611 کیوسک رہ گئی ہے۔ محکمہ انہار کے مطابق ہیڈمرالہ سے دریائے چناب سے نکلنے والی نہر اپر چناب میں 7 ہزار 700 کیوسک پانی اور دوسری نہر مرالہ راوی لنک میں 15 ہزار کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے۔