لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم کو کرپشن کاتحفہ دینے والے نواز شریف کے پاس اب ایک ہی آپشن ہے کہ وہ استعفیٰ دے دیں تاکہ شفاف ماحول میں تحقیقات کاعمل مکمل ہو، عالمی اسٹیبلشمنٹ کی تابع سیاست اور یرغمال جمہوریت، ملک میں مسلح اور معاشی دہشت گردی سے قوم کو نجات دینے کا وقت آن پہنچا ہے، کرپٹ اشرافیہ کو اب عوام جیل کی سلاخوں کے پیچھے دیکھنے کی منتظر ہے، پانامہ سکینڈل کو اس لئے سپریم کورٹ لیکر گئے تھے کہ اس کیس میں کسی بازار کے چوکیدار کانام نہیں تھا ملک کے حکمرانوں کا نام تھا، اگر سپریم کورٹ کے ذریعے شفاف احتساب کاعمل نہ ہوا تو پھر عوام چوکوں اور چوراہوں میں احتساب کریںگے، نواز حکومت نے قوم کو بدامنی، کرپشن، لوڈشیڈنگ اور لاقانونیت کے سوا کچھ نہیں دیا، قوم کو کرپشن کاتحفہ دیکر پوری دنیا میں ذلیل و رسوا کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بٹگرام میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بٹگرام کے 500 سے زائد معروف سیاسی خاندانوں جن میں بلدیاتی نمائندے اور علمائے کرام شامل تھے، نے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس ملک کے کرپٹ جاگیرداروں، سرمایہ داروں نے عوام کے حقوق چھیننے کیلئے آپس میں مفاہمت کی ہے اور اسی مخصوص ٹولے نے قومی خزانے کو لوٹ کر رقم بیرونی ممالک کے بنکوں میں جمع کی۔ اسی ٹولے نے گذشتہ ستر سال سے عوام کو مختلف نعروں، سیاسی جھنڈوں، مختلف روپ میں دھوکہ دیا۔ کرپشن کے خلاف جاری تحریک کے نتیجے میں عوام جاگ اٹھے ہیں۔ اب اس کرپٹ اشرافیہ کیلئے ملک کے ایوانوں میں کوئی جگہ نہیں، عوام اس کرپٹ ٹولے کا ایسا احتساب کرینگے کہ وہ نشان عبرت بنیں گے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ قوم کرپشن کے خلاف متحد ہوکر ان سابقہ حکمرانوں کا بھرپور احتساب کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہی حکمران ہیں کہ انہوں نے سندھ اور تھر کے عوام کو مسائل کی دلدل میں پھنسا رکھا ہے۔
حکومت نے قوم کو بدامنی، کرپشن کا تحفہ دیکر پوری دنیا میں رسوا کیا: سراج الحق
Apr 30, 2017