وزیر داخلہ سول ملٹری تعلقات میں بہتری کیلئے سرگرم

Apr 30, 2017

وزیر داخلہ سول ملٹری تعلقات میں بہتری کیلئے سرگرم
اسلام آباد (محمد نواز رضا /وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم آفس سے نیوز لیکس انکوائری رپورٹ کی نامکمل سفارشات پر مبنی جاری ہونیوالے سیکرٹری داخلہ کے نام خط سے سول ملٹری تعلقات کا ر پر لگنے والے دھچکے سے پیدا ہونیوالی صورتحال میں بہتری لانے کیلئے وزیر داخلہ سرگرم عمل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کراچی میں نیوز لیکس کی نامکمل رپورٹ کے اجرا اور اس پر فوری طور ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف جاری ہونے والے ٹویٹ سے متعلق اطلاعات موصول ہونے پر ’’ناپسندیدگی‘‘ کا اظہار کیا اور فوری طور پر وزیر اعظم نواز شریف اور عسکری قیادت سے رابطہ قائم کیا اور دونوں اطراف کو اس معاملہ پر مزید کوئی بات نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے عسکری قیادت کو منگل کو ورکنگ ڈے پر نیوز لیکس پر انکوائری رپورٹ کی سفارشات پر من و عن عملدرآمد یقین دہانی کرادی ہے ۔ اس دوران غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات کرانے کا امکان ہے۔ وزیر داخلہ جنہوں نیوز لیکس پر سول ملٹری تعلقات خراب ہونے سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ، منگل کو اپنی نگرانی میں نیوز لیکس پر انکوائری رپورٹ کی سفارشات پر مبنی نوٹیفکیشن جاری کر ائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے خط میں ان سفارشات کو نظر انداز کر دیا گیا ہے جو سینیٹرپرویز رشیدکے متعلق ہیں، اسی طرح وزیراعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی کو نہ صرف انکے منصب سے ہٹانے کیلئے کہا گیا بلکہ انہیں آئندہ حکومت میں کوئی ذمہ داری نہ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ انکوائری رپورٹ میں روزنامہ ڈان کیخلاف کارروائی کی سفارش کی گئی جس میں ڈان کا محدود مدت کے لئے ڈیکلیریشن معطل کرنے کیلئے کہا گیا ہے ۔ ڈان لیکس انکوائری رپورٹ میں سینیٹر پرویز رشید کو کابینہ میں دوبارہ اسی منصب پر فائز نہ کرنے کی سفارش کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پرنسپل سیکرٹری فوادحسن فواد کے خط میں وزیر اعظم کی طرف سے رپورٹ کے پیرا18کی منظوری کا ذکر ہے ، اسکی حیثیت نوٹیفکیشن کی نہیں۔ اسلام آباد آمد کے بعد سول ملٹری تعلقات بہتر ہونا شروع ہو گئے ہیں، رائو تحسین علی کو ڈویژن کو رپورٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہو گیا ہے جبکہ طارق فاطمی سے ان سے وزارت خارجہ کیلئے وزیر اعظم کے خصوصی معاون کا قلمدان واپس لینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا ہے ۔ سینیٹر پرویز رشید کے بارے میں بھی ڈان لیکس پر انکوائری رپورٹ کے مطابق سرکاری طور پر اعلان کر دیا جائیگا ۔ ذرائع کے مطابق چوہدری نثارکی کوششوں سے آئندہ دو تین روز میں سول ملٹری تعلقات میں مکمل طور بہتری آنے کا امکان ہے۔
نثار/ سرگرم

مزیدخبریں