اسلام آباد (صباح نیوز) ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم المیہ ہیں ۔ پاکستان فوری طور پر کشمیر میں بھارتی مظالم کا خاتمہ چاہتا ہے ۔ بھارت سے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتے ہیں مگر بھارت اس میں سنجیدہ نہیں ہے ۔ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے فوری حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر کی مہم چل پڑی ہے۔ اب بھارت زیادہ دیر مقبوضہ کشمیر پر اپنا قبضہ قائم نہیں رکھ سکتا ۔ مسئلہ کشمیر کو حل ہونا ہے اور کشمیریوں کی مرضی کے مطابق ہونا ہے ۔ ایک انٹرویو میں ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کے حل کے کئی پہلو ہیں سب سے پہلا پہلو بات چیت ہے ۔ ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ بات چیت اور مفاہمت کے ذریعے مسائل کو حل کیا جائے پہلے ہم بات چیت کرتے ہیں اور یہ سلسلہ کئی سال چلا ہے مگر اس پر پیش رفت بھارت کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے نہیں ہوسکتی معمولی سی معمولی بات پر بھارت مذاکرات ختم کردیتا تھا۔