لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سینئر نائب صدر کرنل ریٹائرڈ آصف ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن پر سپورٹس مافیا کا قبضہ ہے ان مفاد پرست افراد نے سیسیلین مافیا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ چیئرمین نیب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس طرف بھی توجہ دیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر اس مافیا کی سربراہی کر رہے ہیں۔ متوازی تنظیمیں اس مفاد پرسٹ ٹولے کی وجہ سے بنتی ہیں۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے جانیوالی ٹیم کا ائیرپورٹ سے واپس آنا بہت افسوسناک ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے اعلی عہدیدار مفادات کے حصول کے لیے ایک ہو جاتے ہیں۔ جب مفادات مشترکہ نہ ہوں تو ایک دوسرے کے خلاف ہوتے ہیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے پی ایس بی کو خط لکھ کر پاکستان ٹیبل ٹینس کی قانونی حیثیت کو تسلیم کیا ہے۔ کھیلوں کے دو بڑے ادارے ذاتی مفادات کے حصول کے لیے متوازی تنظیمیں بناتے ہیں۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن پر سپورٹس مافیا کا قبضہ ہے آصف ڈار
Apr 30, 2018