لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایشین یوتھ اولمپک کوالیفائر میں پاکستان یوتھ ٹیم چھٹے نمبر پر رہی۔ پانچویں چھٹی پوزیشن کے میچ میں جاپان سے بھی ہار گئی۔ تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں منعقد ہونے والی ایشین یوتھ اولمپکس کوالیفائر فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں گذشتہ روز پاکستان اور جاپان کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ 30 منٹ کے میچ کے 28 منٹ تک سنسنی خیز مقابلے میں دونوں ٹیمیں پانچ پانچ گول سے برابر کھیل رہی تھیں تاہم آخر دو منٹ میں جاپان ٹیم نے مزید دو گول کر کے اپنی برتری کو 7-5 کر دیا۔ اس میچ میں پاکستان کی طرف سے مرتضٰی یعقوب نے دو، ذوالقرنین، محمد وقاص اور محسن خان نے ایک ایک گول کیا۔ ٹورنامنٹ میں شریک بھارت اور ملائیشیا کی ٹیموں نے ایشین کوالیفائرز سے یوتھ المپکس 2018ءکے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جو 6 سے 18 اکتوبر تک ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں کھیلا جائیگا۔
ایشین ہاکی کوالیفائر برائے یوتھ اولمپکس‘جاپان نے پاکستان کو شکست دیدی
Apr 30, 2018