لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پہلی چیف منسٹر پنجاب نیشنل ویمن چیمپئن شپ 2018ءکے تیسرے روز دلچسپ سیمی فائنلز کھیلے گئے۔ آج دوپہر اڑھائی بجے ویمن سینئرز کا مین فائنل زویا خالد (آرمی) اور رفعت خان (واپڈا) کے درمیان ہوگا جبکہ دوپہر دو بجے انڈر 19 گرلز کا فائنل آمنہ فیاض (پی آئی اے) اور نور الہدی (ایس این جی پی ایل) کے درمیان ہوگا۔ فائنلز کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپورٹس بورڈ عامر جان ہوں گے۔
گزشتہ روز چاروں سیمی فائنلز کھیلے گئے۔ اس موقع پر صدر پنجاب سکواش ایسوسی ایشن ڈاکٹر ندیم مختار، سیکرٹری شیراز سلیم، نائب صدر طارق فاروق رانا، محمد عمران، محمد عاصم، شعیب مسعود، محمد ارشد، شاہد اقبال اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ویمنز سینئرز کے پہلے سیمی فائنل میں آرمی کی زویا خالد نے آرمی کی ہی روشنا محبوب کو ہرا کر مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں واپڈاکی رفعت خان نے واپڈا کی ہی صائمہ شوکت کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ادھر انڈر 19 کے پہلے سیمی فائنل میں پی آئی اے کی آمنہ فیاض نے ایس این جی پی ایل کی ایمن شہباز کو جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں نور الہدی نے نور العین کو ہرا کر مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔