کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹریز کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سنیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزراءکو دوسرے ممالک میں نوکری کرنے پر شرم آنی چاہئے، قانونی محاذ میں شکست کے بعد ن لیگ تصادم کی طرف جارہی ہے۔میڈیا سے بات چیت میں مولابخش چانڈیو نے کہاکہ نوازشریف خود اداروں کے خلاف باتیں کررہے ہیں، جب حکومت کی رٹ ہی نہیں ہے تو اقتدار میں کیوں بیٹھے ہیں؟،کیوں اب تک اپنے وزرا بٹھا رکھے ہیں، بہتر ہوتا نوازشریف اداروں کو تنقید کے بجائے خاموشی سے گھر لوٹ جاتے اگر نواز شریف قبل از وقت انتخابات کرا دیتے تو ان کی رسوائی کم ہوجاتی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی غریبوں کی جماعت ہے، پنجاب سے بڑے بڑے نام چلے جانے سے فرق نہیں پڑتا، ندیم افضل چن سیٹ کیلئے پیپلزپارٹی کو چھوڑ کرگئے، پیپلزپارٹی کے خلاف بہت سازشیں کی گئیں، جان بوجھ کر پیچھے دھکیلا گیا۔وفاقی بجٹ سے متعلق مولابخش چانڈیونے کہاکہ حکومت کو بجٹ پیش کرنے کی کیا جلدی تھی؟ حکومت نے چند گھنٹے پہلے ایک غیرمنتخب شخص کو وزیرخزانہ بنایا، آئندہ آنے والی حکومت کا حق مارا گیا۔
چانڈیو
وزراءکو دوسرے ممالک میں نوکری کرنے پر شرم آنی چاہئے، مولا بخش چانڈیو
Apr 30, 2018