نئی دہلی (اے پی پی) بھارت میںکانگرس سمیت مختلف اپوزیشن جماعتوں اور حکمران قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی اتحادی پارٹی کے الگ الگ امور پر زبردست ہنگامہ کی وجہ سے لوک سبھا میںمسلسل چھٹے دن کی کوئی کارروائی نہ ہوسکی اور اجلاس پورے دن کے لئے ملتوی کرنا پڑا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک بار اجلاس ملتوی کئے جانے کے بعد ایوان کی کارروائی جیسے ہی دوبارہ شروع ہوئی تو مختلف جماعتوں کے اراکین ہاتھوں میں بینر اور تختیاں لے کر نعرے بازی کرتے ہوئے سپیکر ڈائس کے نزدیک پہنچ گئے جس پر سپیکر کو ایک بار پھر کارروائی معطل کرنی پڑی۔ دریں اثناء بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے ریلوے کے وزیر پیوش گوئل پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی انہیں فوراً عہدہ سے ہٹا کران کے خلاف آزاد انہ انکوائری کرائیں۔کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے کہاکہ مودی حکومت کے ایک سینئر وزیر سنگین بدعنوانی میں ملوث ہیں اور وزیر اعظم ان کی حرکتوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کررہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی کا نہ کھائوں گا نہ کھانے دوں گا کا نعرہ بدل کر کھائوں گااور کھلائوں گا ہوگیا ہے۔