اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کا گاڑیاں روک کر چالان کرنے کے دوران بچ نکلنے والی گاڑیوں کے چالان سیف سٹی کیمروں کی مدد سے کر دئے جائیں گے جس کے لئے فارمولا تیار کرلیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ اب کسی بھی ڈرائیور کیلئے قانون کی گرفت سے بچنا ناممکن ہوگیا ہے کیونکہ سیف سٹی سینٹر میں لگے کیمروں سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرانے والی گاڑیوں کے چالان کرکے ان کے پتے پر بھجوا دئے جائیں گے اگر کوئی چالان جمع نہیں کرائے تو ای ٹی او آفس میں اس کی گاڑی ٹرانسفر بھی نہیں ہوسکے گی سال بھر نادہندہ رہنے والا جب گاڑی کا ٹوکن لگوانے جائے گا تو اسے ٹوکن فیس کے ساتھ چالان کی رقم جمع کرانا ہوگی اس سلسلے میں ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشیدنے کہا کہ سیف سٹی میںٹریفک مانیٹرنگ کیلئے الگ شعبہ قائم کرکے کیمروں کے ذریعے نگرانی شروع کی جا رہی ہے جن کے چالان ہوں گے وہ پولیس اہلکار متعلقہ گھروں میں پہنچائے گا یہ اقدام اسلام آباد کی شاہراہوں کو حادثا ت فری اورٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد کیلئے بین الاقوامی معیار کے مطابق کیا جا رہا ہے اس ضمن میں اسلام آباد ٹریفک پولیس اور سیف سٹی پراجیکٹ نے مشترکہ پلان تیارکر لیا ہے ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشیدنے مزید کہا کہ وہ اس سسٹم کی نگرانی خود کریں گے اس نظام کے بارے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے تمام افسران و جوانوں کو مکمل آگا ہی فراہم کر دی گئی ہے جو اس پر مکمل عملدر آمد کرائیں گے۔