کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم ایل ون منصوبے کے لیے زمین دینے سے انکار کر دیا۔ دس گھنٹے تک جاری رہنے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں تقریر کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ چین میں ایم ایل ون کا معاہدہ حکومت کرکے آئی ہے۔ سندھ حکومت ایم ایل ون کے لیے زمین نہیں دے گی۔ زمین پر پہلا حق کراچی کا ہے۔ زمین کراچی سرکلر ریلوے کو دیں گے۔ مراد علی شاہ نے تقریر کے دوران کہا کہ جو بھی سندھ کے بٹوارے کے خلاف ہیں وہ کھڑے ہو جائیں۔ پی پی کے ساتھ جی ڈی اے ارکان نشستوں پر کھڑے ہو گئے۔ تحریک انصاف کے ارکان بھی کھڑے ہو گئے لیکن ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان نشستوں پر بیٹھے رہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے جی ڈی اے ارکان سے اظہار تشکر کیا۔