بحری تجارتی سرگرمیاں، سہولت کیلئے مشین ریڈ ایبل سی فیئرر آئیڈینٹی کارڈزکا اجرا

Apr 30, 2019

اسلام آباد(خبر نگار)فاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی کی کاوشوں کی بدولت بندرگاہوں پر سکیورٹی میں اضافے اور تجارتی بحری سرگرمیوں میں سہولت کے لئے مشین ریڈ ایبل سی فیئرر آئیڈینٹی کارڈز (ایم آر سی آئی سی)جاری کئے جائیں گے، پیر کو وزارت میری ٹائم افیئرز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بندرگاہوں پر سکیورٹی میں اضافے اور سمندری سفر کرنے والوں کے لئے آسانی پیدا کرنے کے لئے ایم آر سی آئی سی بہت اہم ہے۔ تکنیکی سہولیات کے فقدان کے باعث پاکستانی سمندری مسافروں کو جنوری 2019 سے ان دستاویزات کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی نے ذاتی طور پر اس مسئلے کو اٹھایا۔ اس مسئلہ پر مناسب غور و خوض کیا گیا تھا اور چیئرمین نادرا، چیئرمین کے پی ٹی، جی ایم او کے پی ٹی، شپنگ ماسٹر اور سیکرٹری میری ٹائم کے مابین مشاورت سے حکمت عملی وضع کی گئی۔ وفاقی وزیر نے ان مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہا۔ ایم آر ایس آئی ڈی کی نمایاں خصوصیات میں بائیو میٹرک پر مبنی آئی ایل او۔ ایس آئی ڈی۔ 0002 معیار کی پیروی، بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم معیارات کے تحت مشین ریڈ ایبل زون کی تشکیل شامل ہے۔ مشین ریڈ ایبل سفری دستاویز کے لئے بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم کے معیارات کے مطابق کارڈ کا لے آئوٹ ڈیزائن کیا گیا ہے اور مجاز اتھارٹی کے دستخط اور سرکاری مہر کی پرنٹنگ کے ساتھ اس میں کئی سکیورٹی فیچر شامل ہیں۔

مزیدخبریں