راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ملت تشیع کے جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کے لیے راشد رضوی ایڈووکیٹ کی ملک گیر احتجاج کی کال پر ملک کے مختلف شہروں سمیت راولپنڈی پریس کلب کے سامنے بھی ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت شیعہ مذہبی سکالر سیدہ صندلین رضوی نے کی۔ملت تشیع کے لاپتا افراد کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے سینکڑوں افراد،بزرگ، خواتین اور بچے مظاہرے میں شریک تھے۔شرکاء نے احتجاجی بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے نعرے درج تھے۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سیدہ صندلین رضوی نے کہا کہ طاغوتی طاقتوں کو سب سے زیادہ خطرہ بیدار قوموں سے ہیں۔ رات کی تاریکی میں چادر چاردیواری کا تقدس پامال کر کے ہمارے نوجوان اٹھا لیے جاتے ہیں اور پھر کئی کئی سالوں تک ان کا کوئی سراغ نہیں ملتا۔ایک آزاد آئینی ریاست میں جنگل کے قانون کی حکمرانی کیسے ہو سکتی ہے۔مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل علامہ سید علی اکبر کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی محبت ہمارے ایمان کا جز ہے۔آج کا یہ احتجاج علامتی ہے۔ ہم کراچی میں ہونے والے مرکزی احتجاج کے منتظمین کی کال کے منتظر ہیں۔احتجاج سے سیاسی و مذہبی رہنماسید سعید رضوی اور کمیل عباس کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔