رمیزہ نظامی سے ملاقات: تحفظ ختم نبوت ہمارا فرض: پیر سید منور حسین شاہ جماعتی

لاہور( خصوصی نامہ نگار)عالمی ختم نبوت فائونڈیشن اور انجمن خدام الصوفیہ امیر ملت ٹرسٹ کے چیئرمین پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے اقلیتوں کے تحفظ کے نام پر سندھ اسمبلی میں پیش ہونے والے بل کو غیر شرعی وغیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے کسی ملک میں بھی تبدیلی مذہب پر پابندی نہیں ہے ، ختم نبوت کا تحفظ کرنا ہمارا فرض اور ریاست پاکستان کی اساس ہے، پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کا وعدہ کرکے اقتدار میں آنے والے عملی اقدامات کریں۔ گزشتہ روز ایم ڈی نوائے وقت گروپ رمیزہ نظامی سے ملاقات کے بعد نوائے وقت سے گفتگو کر رہے تھے۔ پیر منور حسین جماعتی نے کہا کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والے ملک میں اسلام کے خلاف اقدامات کا راستہ روکیں ، ماضی گواہ ہے جس نے بھی ختم نبوت کے خلاف کوئی سازش کی وہ ذلیل و رسوا ہوا۔ عمران خان ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر کامیاب ہوئے اب ان کی ذمہ داری ہے اسلام اور نبی آخرالزمان محمد مصطفی ؐ کے سپاہی بنیں۔ ملک کو صحیح معنوں میں ریاست مدینہ بنانے کے اقدامات کریں۔ سندھ اسمبلی میں اقلیتوں کے حوالے سے پیش ہونے والے بل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان متصادم اور اسلام کے خلاف ہے اس کے خلاف جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران غیر ملکی آقائوں کو خوش کرنے کے لئے اسلام کا مذاق مت اڑائیں۔

ای پیپر دی نیشن