لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک پنجاب نے آئندہ صوبائی بجٹ 2019-20ء کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کو 14نکات پر مشتمل تجاویز بھجواتے ہوئے کہا ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں کنٹرول کی جائیں، سرکاری ہسپتالوں میں کم آمدنی والے شہریوں کیلئے 100فیصد مفت علاج کی سہولت دی جائے ، جعلی ادویات کی تیاری روکنے اور قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے ٹاسک فورس قائم کی جائے، خوراک کے بحران سے بچنے کیلئے کاشتکاروں کو پیاز، ٹماٹر، سبزیوں،گوشت، دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے انٹرسٹ فری قرضے اور بجلی، گیس، ڈیزل، کھادوں، بیج پر زیادہ سے زیادہ سبسڈی دی جائے، پنجاب حکومت تعلیم کا بجٹ جی ڈی پی کا5فیصد کرنے کی قرارداد منظور کرے،یہ تجاویز پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں تیار کی گئیں، اجلاس میں سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق الرحمن، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، نائب صدر پنجاب راجہ زاہد محمود اور سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے شرکت کی۔