اسلام آباد(کامرس ڈیسک) پاکستان کے بڑے ٹیلی کام اداروں میں سے ایک اور ملک کے مواصلاتی رابطوں میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرنے والا ادارہ، پی ٹی سی ایل گروپ نے مشکل کی اس گھڑی میں قوم کی خدمت اور حکومتی کوششوں میں معاونت کیلئے وزیراعظم کوروناریلیف فنڈ2020- میں 100ملین روپے کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔راشد خان، صدر اور سی ای او، پی ٹی سی ایل اوریوفون نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران انہیں 100 ملین روپے کا چیک پیش کیا۔شعیب احمد صدیقی، سیکرٹری، وزارت آئی ٹی اینڈٹیلی کام اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر، پی ٹی سی ایل بھی اس موقع پر موجود تھے۔راشد خان، نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے حکومت کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے مستقبل میں مدد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے وزیر اعظم کوآگاہ کیا کہ یوفون ، جو پی ٹی سی ایل کا ایک ذیلی ادارہ ہے ، صارفین کو یہ سہولت فراہم کررہا ہے کہ وہ 6677 پر ایس ایم ایس بھیج کر وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔پی ٹی سی ایل موجودہ بحران کے دوران پاکستان کے عوام کے شانہ بشانہ ہے اور ملک بھر میں افراد، ان کے اہل خانہ اور کمیونٹیز کی مدد و تعاون جاری رکھے گا۔