کورونا وباء سے بچاؤکیلئے احتیاطی تدابیر کی جائے، ایس ایم منیر

کراچی( کامرس رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور صدر سلیم الزماں نے کہا کہ موجودہ کورونا وائرس وبا ء کے دوران کاروبار اور صنعتی عمل کوجاری رکھنا ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے وفاقی و صوبائی سطح پر دانشمندانہ اقدامات کیے جائیں۔ صنعتوں میں پیدواری عمل جاری رہنے کے لیے حکومت اور صنعتکار مشترکہ حکمت عملی تیار کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس وباء سے مقابلے کے لیے حکومت نے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جو خوش آئند ہے تاہم اس سلسلے میں فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہ کورونا وباء کی تیسر ی لہر نے  ایک عالمی بحران کی شکل اختیار کرلی ہے اور انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی معیشت کے لیے بھی چیلنج ثابت ہوا ہے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ گزشتہ کورونا وبا ء سے نمٹنے کے لیے پاکستانی حکمت عملی کو عالمی طورپر سراہا گیا، موجودہ کورونا وباء سے بچاؤ کے لئے نہ صرف ویکسی نیشن کا عمل ضروری ہے بلکہ حکومتی سطح پر اس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی بھی اشد ضرورت ہے،  ایک قوم مل کر پاکستانی حکومت،عوام، صنعتوں اورقومی  اداروں نے مل کر کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کا مقابلہ کرتے ہوئے اس کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔سلیم الزماں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کی معاشی بقا ء اور بے روزگاری کے طوفان کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اور وبا ء کی روک تھام کے ساتھ صنعتی پیداوار کا عمل بھی جاری رکھنا ہوگا۔ معاشی سرگرمیوں کو معمول پر لانے کے لئے برآمداتی شعبے کے ساتھ دیگر صنعتوں کو بھی فعال بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن