لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو پہلی اننگز میں آؤٹ کلاس کردیا ہے۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دو میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ہرارے میں شروع ہوا، میزبان زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، میچ کے آغاز سے ہی قومی ٹیم کے بائولرز زمبابوے ٹیم پر حاوی رہے۔زمبابوے کی پہلی اننگز کی پہلی گیند پر فاسٹ بائولر حسن علی نے زمبابوے اوپنر کیون کو چلتا کیا، اسکے بعد دوسرے نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنیوالے پرنس بھی صرف 11 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئے اور شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ترائیسئی مساکانڈا 15 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر پویلین لوٹے جبکہ برینڈن ٹیلر حسن علی کا شکار بنے، زمبابوے کپتان برینڈن ٹیلر صرف پانچ رنز بناسکے، زمبابوے کے کھلاڑی ملٹن شومبا نے وکٹ پر آنے کے بعد قدم جمائے اور مزید وکٹیں گرنے سے روکنے کی بھر پور کوشش کی لیکن وہ 27 رنز پر رن آوٹ ہو گئے۔زمبابوے کے بیٹسمین روئے کائیا 48 اور رجیس 19 رنز بنا کرپولین لوٹے۔دیگر بلے بازوں میں ٹریپانو 28 رنز بناکر نمایاں رہے۔۔ پرنس میسوارے 11، تریسائی مساکنڈا 14رنز پر پویلین لوٹ گئے۔دیگر بیٹسمینوں میں شمبا 27، چاکبوا 19، چیسورو 9، مزرابانی 14، نگراوا 1 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے4 چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ سپن باؤلر نعمان نے حاصل کی جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔176 کے جواب میں پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عمران بٹ اور عابد علی نے کیا۔پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے بغیر نقصان کے 103 رنز بنالیے تھے، عابد علی 56 اور عمران بٹ 43 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔پاکستان کو زمبابوے کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 73رنز درکار جبکہ تمام وکٹیں باقی ہیں ۔