اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 35 فیصد اضافہ ہواہے، پہلی تین سہ ماہیوں میں سعودی عرب کوپاکستانی برآمدات میں 3.57 فیصد جبکہ سعودی عرب سے درآمدات میں 45 فیصدک کا نمایاں اضافہ ہواہے۔ سٹیٹ بینک کی طرف سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں سعودی عرب کو برآمدات سے ملک کو 365.24 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 3.57 فیصدزیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب کوبرآمدات سے ملک کو352.62 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ مارچ 2021 میں سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات کاحجم 38.57 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 11.28 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب کو34.66 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔