نیویارک (این این آئی )اقوام متحدہ اور لیبیا کی مشترکہ عسکری کمیٹی نے ملک میں موجود غیرملکی اجرتی جنگجوں کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لیبیا میں اقوام متحدہ کے مندوب یان کوبیچ نے لیبیا میں سیاسی کشیدگی ختم کرنے کے لیے قائم کردہ مشترکہ فوجی کمیٹی (5 + 5) کے ارکان سے بات چیت میں مشرقی اور مغربی لیبیا کو ملانے والی ساحلی سڑک کھولنے میں تاخیر پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔لیبیا میں اقوام متحدہ کے امن مشن نے ایک بیان میں کہا کہ مسٹرکوبیچ اور مشترکہ ملٹری کمیٹی (5 + 5) نے تصدیق کی ہے کہ فوجیوں ، غیر ملکی جنگجوں اور غیر ملکی افواج کی واپسی کو مزید تاخیر کے بغیر شروع ہونا چاہئیے۔