اسلام آباد (خبر نگار) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اسلام آباد کے مختصر دورے کے دوران ملاقات کی۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان مسلسل اعلی سطحی دوروں کی اہمیت اور پروان چڑھتے تعلقات کی موجودہ کیفیت برقرار رکھنے پر زور دیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور کرونا وبا کے نتیجے میں پڑنے والے مختلف اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے عالمی وبا کے مقابلے کے لئے اجتماعی انداز اپناتے ہوئے باہمی تعاون اور اشتراک عمل بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ’کوویکس‘ اقدام کے ذریعے ویکسین کی ہرممکنہ طورپر جلد فراہمی کی کوششوں کو یقینی بنانے پر جرمنی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جرمن ہم منصب کو پرامن اور مستحکم افغانستان کے لئے پختہ حمایت اور افغان امن عمل میں پاکستان کی مثبت کاوشوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے افواج کے ذمہ دارانہ انخلاء اور افغان فریقین کی طرف سے سیاسی تصفیہ کے حل کی طرف پیہم پیش رفت کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے زور دیا کہ افغان فریقین کو تعمیری انداز میں کام کرتے ہوئے افغان قیادت میں افغانوں کو قبول اجتماعیت کے حامل، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی حل کے لئے کام کرنا ہوگا۔ ’خرابی‘ پیدا کرنے والے عناصر سے خبردار کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امن کے لئے کوششوں کو محفوظ بنانے اور اس عمل سے وابستگی کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے زور دیا کہ افغانستان میں امن کے نتیجے میں دیگر ثمرات بھی میسر آئیں گے جن میں تجارت میں اضافہ اور خطے کو رابطوں میں جوڑنا شامل ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ہنگری کے پاکستان میں سفیر بیلا فیزیکاس نے ملاقات کی۔ سفیر نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ہنگری کے وزیر خارجہ کے آمدہ دورہ پاکستان سے متعلق امور پر آگاہ کیا۔