کرونا مزید 151اموات عالمی پروازیں 5مئی سے بند بنکنگ اوقات کم

Apr 30, 2021

 اسلام آباد (وقائع نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے + این این آئی) ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 151 افراد چل بسے، 5480 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، کرونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ملک 31 ویں نمبر پر ہے۔چین سے پی ا ائی اے طیاروں کے ذریعے مزید 10لاکھ ویکسین  اسلام آباد آگئی ۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان میں مزید 5 ہزار 480 کیسز، 3 ہزار 699 مریض شفایاب ہو گئے، مثبت کیسز آنے کی شرح ساڑھے 9 فیصد ہو گئی۔ مجموعی اموات 17 ہزار 680 ہو گئیں، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ تین مئی سے 40 سے 49 سال کے افراد کی ویکسی نیشن شروع کر دی جائے گی۔  ایک لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین دوسرے روز بھی لگائی گئی۔ این سی او سی نے 10 مئی سے 15 مئی تک عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان آنے والی پروازیں 5 سے 20 مئی تک بند کردی جائیں گی اور اس فیصلے پر نظر ثانی 18 مئی کو ہوگی۔  این سی او سی نے آکسیجن  درآمد کی بھی منظوری دے دی۔ ملک میں صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کو بڑھانے کے لئے 6000 میٹرک ٹن آکسیجن اور 5000 آکسیجن سلنڈروں کی درآمد کی اجازت دی جائے گی۔ مصری شاہ کی سکریپ انڈسٹری کو بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اس طرح وفاقی حکومت کے ملازمین کے لیے 8 مئی ہفتے سے 16 مئی اتوار تک 9 چھٹیاں بنیں گی۔ این سی او سی نے کہا کہ 8 سے 16 مئی تک ’’گھر رہو محفوظ رہو‘‘ کی حکمت عملی پر عمل درآمد  کیا جائے، زیادہ چھٹیوں کا مقصد  عید کے دوران ملکی سطح پر نقل حمل کو محدود کرنا ہے۔ یوم علی، شب قدر، اعتکاف، جمعۃ الوداع کیلیے جاری گائیڈ لائنز پر عمل درآمد یکم مئی سے ہوگا۔ این سی او سی نے مزید فیصلے کیے کہ چاند رات کے بازاروں پر پابندی ہوگی۔ ‘‘گھر رہو محفوظ رہو‘‘ کی حکمت عملی کے تحت تمام مارکیٹس، دکانیں، کاروبار بند رہیں گے، تمام مہندی، جیولری اور کپڑوں کے سٹالز پر مکمل پابندی ہو گی۔ تمام تفریحی مقامات، پبلک پارکس، شاپنگ مالز 8 سے 16 مئی تک بند رہیں گے۔ عید کے دنوں میں کھانے پینے کی دکانیں، میڈیکل سٹورز، پیٹرول پمپس کھلے رہیں گے جبکہ ریستورانوں  سے کھانا لے جانے کی اجازت ہو گی۔ عید کیلئے اضافی ٹرینیں 7 مئی تک چلائی جائیں گی تاہم بین الصوبائی، انٹر اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ پر 8سے 16مئی تک مکمل پابندی رہیگی، نجی گاڑیوں، رکشوں اور ٹیکسیز کو 50 فیصد سواریوں کے ساتھ اجازت ہوگی۔عید کی تعطیلات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ این سی او سی نے ہدایت کی کہ الیکٹرانک میڈیا عید کی چھٹیوں میں تفریحی پروگرامز، فلمز اور ڈرامے نشر کرے۔ تفریحی پروگرامز، فلمز اور ڈراموں کا مقصد لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنا ہے۔ این سی او سی نے وزارت داخلہ سے سفارش کی تھی کہ 10 سے 16 مئی تک عیدالفطر کی چھٹیاں دی جائیں۔ صرف گلگت بلتستان  کے شہروں کو اپنے علاقوں میں جانے کی اجازت ہوگی۔ شمالی  علاقہ جات، مری، سوات، گلیات، سی ویو جانے والے راستے بند رہیں گے۔ اعتکاف‘ شب قدر نماز‘ عید سے متعلق ایس او پیز بھی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ این سی او سی کے کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے فیصلے کے  تحت بینکوں کے اوقات میں تبدیلی کر دی۔ جمعہ کو عوام کیلئے  بنک کے اوقات صبح 9  سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک جبکہ دفتری اوقات صبح 9 سے ایک بجے تک ہوں گے۔ پشاور میں مزید تین علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا۔ 

مزیدخبریں