نئی دہلی (شنہوا+ نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں خوفناک حد تک اضافے کے بعد ہلاکتیں روز بروز بڑھ رہی ہیں۔ وبا نے روایتی انسانی ہمدردی کو بھی بظاہر ختم کر دیا ہے۔ لوگوں کو اپنے عزیز و اقارب کی لاشوں کو کندھا دینے کے لیے کرائے پر افراد حاصل کرنے پڑ رہے ہیں جبکہ مسلمان بے لوث خدمات انجام دینے لگے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرونا کی تیسری لہر نے ایسی دہشت پھیلا دی ہے کہ اب کسی کی موت پر تعزیت اور غمگساری کے لیے آنے کی بات تو دور، ان کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے چند لوگوں کو تلاش کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ قریبی رشتہ دار بھی متوفی کو کاندھا دینے سے کترا رہے ہیں، میت کو شمشان گھاٹ تک پہنچانا بھی مسئلہ بن گیا۔ لاش کو منزل مقصود تک پہنچانے کے لیے پانچ سے دس ہزار روپے تک فی کس ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔ مسلمان نوجوانوں کی طرف سے رضاکارانہ طورپر یہ خدمت انجام دینے کی خبریں مسلسل آرہی ہیں۔ مسلمان اجتماعی اور انفرادی دونوں ہی سطحوں پر یہ کام کر رہے ہیں اور ان کے خدمات کی تعریف بھی ہو رہی ہے۔ مدھیہ پردیش میں دو مسلم نوجوان اب تک سینکڑوں لاشوں کی آخری رسومات میں مدد کر چکے ہیں۔ تامل ناڈو کی ایک تنظیم مسلم مونیتر کزگم بڑے پیمانے پر یہ کام کر رہی ہے۔ ہندو قوم پرست حکمران جماعت کے بعض رہنما مسلمانوں کی رضاکارانہ خدمات سے خوش نہیں ہیں۔ مشرقی دہلی میں ایک خاتون کی موت ہوئی تو رشتہ دار موجود ہونے کے باوجود کوئی کندھا دینے کے لیے تیار نہیں ہوا۔ مجبوراً ان کے بیٹے کو کندھا دینے والوں کی خدمات حاصل کرنی پڑی اور وہ اسے نگم بودھ شمشان گھاٹ لے گئے۔ حالات اتنے ابتر ہوگئے ہیں کہ آخری رسومات ادا کرنے کے لیے کوئی مرد نہیں مل پارہا ہے، گھر کی خواتین کو ہی اپنے والد یا شوہر کو مکھ اگنی دینی پڑ رہی ہے۔ بھارت میں مسلسل ساتویں روز کرونا کے 3 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 3645 اموات بھی ہوئی ہیں۔ کیسز کی تعداد ایک کروڑ 83 لاکھ 76 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور اموات 2 لاکھ 4 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہیں۔ نئی دہلی میں کرونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر لاک ڈائون کی مدت میں 3 مئی تک اضافہ کردیا گیا۔ دہلی سمیت ملک بھرکے متاثرہ شہروں میں ہسپتال آکسیجن اور بیڈ ختم ہونے کے بعد مریضوں کو داخل کرنے سے انکار کررہے ہیں۔ انتہائی نگہداشت کے وارڈز مریضوں سے بھرچکے ہیں اور سینکڑوں افراد آکسیجن کے انتظار میں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ جنوبی بھارت کی ریاست تامل ناڈو نے رات کے کرفیو اور اتوار کے لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی ہے۔ ادھر نئی دہلی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاست اتراکھنڈ نے ہندو مذہبی تہوار چاردھم یاترا منسوخ کر دی۔ امریکا نے کرونا وائرس کی وبا سے دنیا کے دوسرے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت کے لیے فوری کورونا ٹیسٹ، حفاظتی ماسک اور دوسرے ساز و سامان کی صورت میں سو ملین ڈالر سے زائد کی امداد روانہ کر دی ہے۔ اس امدادی سامان کو لے کر جانے والی پہلی پرواز کے ذریعے فوری نتائج دکھانے والی تقریبا ایک ملین کرونا ٹیسٹنگ کِٹس بھی بھیجی گئی ہیں۔ وائٹ ہاس کے ذرائع نے بتایا کہ ایک امریکی فوجی طیارے کے ذریعے بھیجی جانے والی یہ امداد آج جمعرات کو بھارت پہنچ رہی ہے۔